کاراباخ میں امن کیلئے آرمینیا، آذربائیجان کی روس میں بیٹھک

October 10, 2020

ماسکو/باکو (اے ایف پی/جنگ نیوز) آذربائیجان اور آرمینیا کےدرمیان کاراباخ میں لڑائی کو دو ہفتوں سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن امن قائم نہیں ہوسکا،ادھر آرمينيا اور آذربائيجان متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے مذاکرات پر رضامند ہوگئے،جمعے کو روسی صدر ولاد میر پیوٹن کی دعوت پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیون بیراموف اور آرمینیا کے وزیر خارجہ زہراب ایمنس ماسکو پہنچے،جہاں دونوں ملک روس کی میزبانی میں امن سے متعلق بات کریں گے،دوسری جانب اقوام متحدہ نے بھی کاراباخ میں امن کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق روس میں کاراباخ کی لڑائی کے خاتمے کیلئے آذربائیجان اور آرمینیا کے نمائندے بات کرنے کیلئے پہنچے، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات ہوئی، روسی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کی جنگ میں اب تک جاں بحق ہونے افراد کی لاشیں اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کی جائے گی۔اے ایف پی کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں 400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 22 آرمینی اور 31 آذر شہری شامل ہیں،ادھر آرمینیا کے وزیراعظم پشینیان نے ایک بار پھر لڑائی کے خاتمے اور امن کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاراباخ میں امن بحال کرنے کیلئے تیار ہیں۔دوسری جانب آذر صدر الہام الییف نے ایک بیان میں کہا کہ ماسکو میں دوطرفہ مذاکرات سے آرمینیا کو امن کیلئے آخری موقع دیا جارہا ہے۔