نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں تو اسپتال میں داخل کیوں نہیں ہوئے، یاسمین راشد

October 10, 2020

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی تو کسی وقت تو اسپتال میں داخل ہوتے۔ اگر وہ اسپتال میں داخل نہیں ہیں تو مطلب ہے ان کی طبیعت ٹھیک ہے، اب انہیں وطن واپس آجانا چاہیے۔

مینٹل اسپتال لاہور میں گرلز ہاسٹل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لندن میں دل کا علاج کرانا تھا لیکن نہیں کروایا۔

یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کی رپورٹ جب ہمارے پاس آئی تو اس میں ان کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس بہت کم تھے، جب تک نواز شریف لندن پہنچے ان کی طبیعت میں بہتری آگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں اسپتال میں داخل نہیں ہوئے تو مطلب کہ ان کی طبیعت ماشاء اللّٰہ ٹھیک ہے۔

پرنسپل سمز پروفیسر محمود ایاز کا مینٹل ہیلتھ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ذہنی امراض کی بیماری کا علاج مشکل ہے، اس مرض کے بارے میں بہت دیر سے پتہ چلتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ مینٹل اسپتال میں نشے کے عادی افراد کیلئے ٹرینمنٹ سینٹر دوبارہ فعال کر دیا ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وبا دوبارہ پھیل رہی ہے، لوگ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

انہوںنے کہا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن ہورہاہے، یہ نہ ہو ہمیں بھی دوبارہ لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔