مانچسٹر: کورونا انفیکشن کی شرح میں اضافہ، عوام میں تشویش کی لہر

October 12, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)مانچسٹر میں کورونا وائرس نے دوبارہ پنجے گارڈ لیے، انفیکشن کی شرح میں تیزی کے ساتھ اضافے کے بعد عوام میں تشویش کی لہرپائی جاتی ہے، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں وائرس کی تصدیق کے بعد بیشتر تعلیمی اداروں کی طرف سے آن لائن تعلیم کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، مثبت رپورٹس کے مطابق ہر 20 میں سے ایک شخص کورونا وائرس کا شکار نظر آ رہا ہے، انفیکشن کی شرح شہروں کی نسبت سات گنا زائد ہے جن علاقوں میں طالب علموں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے وہاں وائرس کی شرح دیگر علاقوں کی نسبت کئی گنا زائد ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق دو اکتوبر تک ختم ہونے والے ہفتے میں پانچ فیصد لوگوں میں بیماری کی موجودگی کی تصدیق کی گئی، ایک لاکھ افراد میں سے 5ہزار افراد میں ہفتہ وار کورونا وائرس کی تصدیق سے عوام میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے یہ شرح ہاٹ اسپاٹ کے متناسب ہوجاتی ہے جس میں پوری کونسل کے علاقوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے ۔نوٹنگھم میں بھی وائر س کی شرح میں تیزی سے اضافہ ریکار ڈ کیا گیا جہاں ایک لاکھ میں سے 689افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سائنس دانوں نے اعتراف کیا ہے کہ یہ وائرس یونیورسٹی کے طلباء میں زیادہ پھیل رہا ہے اور اس کا دائرہ کار مزید بڑھنے کی توقع ہے، زیادہ تر طالبعلم نوعمر ہیں ان کے طرززندگی کے باعث انفیکشن کا پھیلائو بڑھ سکتا ہے ۔