انڈونیشیا میں جہازوں کو ماسک کیوں پہنایا گیا؟

October 12, 2020

انڈونیشیا کی قومی ایئر لائن گاروڈا نے اپنے 5 جہازوں کو چہرے کے ماسک سے مزین کردیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے، ایسے میں ہر ملک میں چہرے کا ماسک لازمی پہننے کے لیے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔

انڈونیشیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ اور اموات 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں، جنوب مشرقی ایشیا میں انڈونیشیا وبا سے متاثرہ ممالک میں فلپائن کے بعد دوسرا ملک ہے۔

ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے آگاہی مہم ’چلو ماسک پہنیں‘ کے عنوان سے شروع کی تاکہ عوام میں مہلک وائرس سے خود کو محفوظ بنانے کا شعور بیدار کیا جاسکے۔

انڈونیشیا کی قومی ایئرلائن گاروڈا نے حکومتی مہم کی حمایت کی اور اپنے 5 جہازوں پر فیس ماسک پینٹ کروادیا، اس منصوبے کو 60 افراد نے 120 گھنٹے میں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔

جکارتا پوسٹ کی رپورٹکے مطابق گاروڈا انڈونیشیا نے اپنے 5 طیاروں کی چونچ پر نیلے فیس ماسک پینٹ کروائے ہیں تاکہ حکومت کی ’چلو ماسک پہنیں ‘مہم کی حمایت کرسکیں۔

رپورٹکے مطابق جن طیاروں پر ماسک پینٹ کروایا گیا ہے وہ اندرون ملک کے ساتھ غیر ملکی پرواز کے طور پر سنگاپور اور جاپان کے لیے بھی اڑان بھرتے ہیں۔

اس حوالے سے ایئر لائن کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی آگاہی سے متعلق حکومتی کوشش اور مہم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاز پر چہرے کا ماسک پینٹ کروانا ایک طریقہ ہے، جس کے ذریعے ہم لوگوں میں ماسک پہننے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرسکتے ہیں۔

ایئر لائن کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ یہ مہم کورونا جیسی وبا کے دوران لوگوں کو چہرے پر ماسک پہننے کی ترغیب دیتی ہے تاکہ جان لیوا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے اور اگر گھر سے باہر نکلیں بھی تو چہرے ماسک لازمی لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماسک پہننے کاعمل آپ کو اور دیگر افراد کو کورونا وائرس لگنے سے تحفظ دیتا ہے، لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہوائی جہاز کے برعکس لوگوں کے ماسک پہننے کے لیے زیادہ محنت درکار نہیں ہوتی۔