عمران خان کی بہن اور والدہ کے ساتھ یادگار تصویر

October 14, 2020

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے والدہ شوکت خانم اور بہن کے ہمراہ لی گئی ایک یادگار تصویر شیئر کردی۔

عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصویر میں بتایا گیا کہ یہ تصویر 1979 میں لی گئی ہے۔


وزیر اعظم تصویر میں والدہ اور بہن کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں کسی پارک میں کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنی والدہ کے نام پر ہی کینسر کے علاج کے لیے مشہور شوکت خانم اسپتال بنایا، عمران خان اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں جبکہ ان کی 4 بہنیں ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں یہ نہیں بتایا گیا کہ عمران خان اور والدہ کے ہمراہ تصویر میں موجود عمران خان کی کونسی بہن ہیں۔

17 اگست 2018 کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے والے عمران خان نے تین شادیاں کیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔

انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ سے کی جن سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے۔2004 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

پھر کپتان نے دوسری شادی 2015 میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی، ان کی تیسری شادی 2018 میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔

دوسری جانب وزیر اعظم سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں، اس سے قبل عمران خان نے نوجوانوں کو اکتوبر میں تُرک مصنفہ کی کتاب ’forty rules of love‘ پڑھنے کی تجویز دی تھی۔

عمران خان کا اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’اکتوبر میں ہمارے نوجوانوں کو میں ایلف شفق کی کتاب ’فورٹی رولز آف لو‘ پڑھنے کی تجویز دیتا ہوں۔ یہ خدا کی محبت ، تصوف ، رومی اور ان کے مرشد شمس تبریز کے بارے میں ایک متاثر کن کتاب ہے۔‘


وزیراعظم نے بتایا کہ خود انہوں نے یہ کتاب چند سال قبل پڑھی تھی اور اس سے بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

ترک مصنفہ کی سال 2009 میں شائع ہونے والی اس کتاب میں مولانا جلال الدین رومی اور شمس تبریز کی صحبت اور محبت و عقیدے کے حقیقی معنوں کا پتہ چلتا ہے۔