موثر ویکسین کی تیاری سے قبل احتیاط ہی کورونا سے بچا سکتی ہے

October 18, 2020

راچڈیل (ہارون مرزا)کورونا وائرس کیخلاف موثر ویکسین کی تیاری سے قبل صرف احتیاطی تدابیر ہی وبائی مرض سے بچا سکتی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے دوران دو ہفتوں کیلئے سرکٹ بریکر لاک ڈائون فارمولے کے تحت دو ماہ کے دوران 2ہفتے کا لاک ڈائون کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے میں انتہائی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ لندن سکول آف ہائیجن اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے ماہر پروفیسر گراہم میڈلی جو حکومت کے سائنسی ایڈوائزری گروپ برائے ایمرجنسی کمیٹی (ایس ای جی) کمیٹی میں بھی شامل ہیں، نے تجویز پیش کی ہے کہ اسکولوں میں وقفے وقفے سے مختصر لاک ڈائون بچوں کو بیماری کے اثرات سے بچائے گا۔ پروفیسر گراہم میڈلی کی یہ تجویز اس وقت سامنے آئی ہے جب برطانیہ کے مختلف مقامات پر کورونا وائرس کی شدت میں ایک بار پھر اضافے کے بعد پابندیاں سخت کی جا رہی ہیں۔ پروفیسر میڈلی نے تعلیمی اداروں کیلئے دی جانے والی تجویز میں یہ بھی خبردار کیا کہ ملک کے کچھ حصے مارچ جیسی صورتحال کی طرف جا رہے ہیں اور وہاں انفیکشن کی شرح میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے ماضی میں اقدامات اور احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے کے باعث قومی لاک ڈائون کی طرف جانا پڑا جس سے سنگین مسائل کھڑے ہوئے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن کی طرف سے کورونا کی دوسری ممکنہ لہر کے پیش نظر سخت ترین پابندیاں متعارف کرائی ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔