ایچ ای سی فیکلٹی کی رہنمائی کیلئے متعدد پروگراموں کا اجراء کر چکا ہے،طارق بنوری

October 21, 2020

لاہور(خبر نگار) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)جامعات کی فیکلٹی کے لیے مواقع اور سہولیات پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا آرہا ہے اور اس سلسلے میں فیکلٹی کی اعلٰی تعلیم ، پیشہ ورانہ ترقی اور بھرتی و ترقی کے حوالے سے رہنمائی کی فراہمی کے لیے متعدد پروگراموں کا اجراء کر چکا ہے۔ یہ بات چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ فیکلٹی کا معیارہی وہ اہم عنصر ہے جس سے کسی بھی تعلیمی ادارے کے معیارکا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ ایچ ای سی افراد اور اداروں کے لیے مختلف اسکیموں کے تحت تحقیقی گرانٹس بھی فراہم کرتا ہے۔ ایچ ای سی نے فیکلٹی کی تعیناتی کیے لیے کم از کم معیارات کا تعین کر رکھا ہے اور ایچ ای سی ان معیارات کی خلاف ورزی کے خلاف اپیلوں کو بھی دیکھتا ہے۔