بھارتی لابی سوشل میڈیا کو پاکستان کیخلاف استعمال کررہی ہے،وزیرآئی ٹی

October 23, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مواد پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ بھارتی لابی سوچی سمجھی سازش کے تحت سوشل میڈیا کو پاکستان کیخلاف استعمال کررہی ہے، وفاقی وزیر نے ٹوئٹر پر پاکستان کیخلاف بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈے پر مشتمل پوسٹس کا نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ تمام سوشل میڈیا کمپنیاں نفرت انگیز گفتگو اور منفی خبروں کی روک تھام کی ذمہ دار ہیں ، ٹوئٹر انتظامیہ اس طرح کے پروپیگنڈے اور غیر مصدقہ خبروں پر مبنی تمام پوسٹس فوری ہٹائے، بھارتی صارفین کو کچھ بھی غلط لکھنے اور نفرت پھیلانے کی آزادی دی گئی ہے ؟، مقبوضہ کشمیر یا اسرائیل پر کوئی پاکستانی پوسٹ کرے تو بلاک کردیا جاتا ہے، عام اکاؤنٹس کے علاوہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بے بنیاد پوسٹس، ٹوئٹر انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہیں، ایسے وقت جب پاکستان تمام سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان آنے کی دعوت دے رہاہے یہ پوسٹس رکاوٹ بن سکتیں، کیا اس قسم کی پوسٹس بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتیں ؟،کیا پاکستان کی سالمیت، خودمختاری کے خلاف کسی پروپیگنڈے کو برداشت کیا جاسکتا ہے؟ سوشل میڈیا کمپنیوں کو مستقبل میں ایسے پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے سخت ایکشن لینا چاہئے۔