ناقص صفائی و ملاوٹ پر فیکٹری سمیت متعدد دکانیں سیل و جرمانے

October 30, 2020

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے باچا خان چوک میں ملاوٹ مافیا کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ایک فیکٹری سے 700 کلوگرام سے زائد مضر صحت اور ملاوٹ شدہ مصالحہ جات برآمد کرکے اسے سیل کردیا۔ مضر صحت مصالحہ جات کے خلاف کارروائی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی سربراہی میں کی گئی کارروائی میں برآمد کئے جانے والے مصالحہ جات میں لکڑی کے بورے سمیت مختلف اشیاء کے چھلکے استعمال کئے جاتے تھے، جسے قبضہ میں لینے کے بعد فیکٹری کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا، جن پر موقع پر ہی بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے عوامی شکایات پر پشاور کے علاقے گلبہار میں اشیاء خورد و نوش بیچنے والے مختلف دکانوں اور اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال پر ایک چکن شاپ کو سیل کردیا جبکہ کئی دیگر دکانوں کو مزید بہتری کے لئے نوٹسز جاری کئے۔ میڈیا سے بات چیت میں ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کا کہنا تھا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے اشیاء خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرلیا گیا اور صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف ایسے میگا آپریشنز کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے ملاوٹ مافیا کا خاتمہ کرکے ہی دم لینگے۔