ایم ایم اے چیمپئن خبیب بھی میکرون پر برس گئے

October 31, 2020

مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) میں ناقابل شکست رہنے والے لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپئن خبیب نورماگومیدوف بھی فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اسلام مخالف بیان پر برہم دکھائی دے رہے ہیں۔

خبیب نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’آزادی اظہار رائے کے نام پر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے جارہے ہیں۔‘


خبیب نے فرانسیسی صدر کے چہرے پر بوٹ پرنٹ کی تصویر بھی شیئر کی۔

خبیب نورماگو میدوف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ خاکے بنانے والوں اور ان کے پیروکاروں کے چہروں کو بدنما کردے۔‘

انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’ہم مسلمان ہیں، ہم اپنے نبی کریمﷺ کو اپنے دل کے قریب ماں، باپ، بچوں، بیویوں اور تمام تر لوگوں سے زیادہ محبت کرتے ہیں، یقین کریں یہ اشتعال انگیزی ان کی طرف ہی واپس آئے گی۔‘

خیال رہے کہ فرانس میں مسلم مخالف مہم نے زور پکڑا ہوا ہے، فرانس کے وزیراعظم بھی بڑھ چڑھ کر اس مہم کا دفاع کررہے ہیں ایسے میں مسلم دنیا میں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔

مسلم دنیا سمیت دنیا بھر میں میکرون کے خلاف مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔