حکومت، ریاستی ادارے میر شکیل الرحمٰن کی طویل گرفتاری کا نوٹس لیں، اے پی این ایس

October 31, 2020

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے حکومت اور ریاستی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی طویل گرفتاری کا نوٹس لےکر جلد رہائی یقینی بنائیں۔

اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سیکریٹری جنرل سرمد علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن 230 روز سے زائد عرصے سے قید میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف کا ریمانڈ کافی عرصے پہلے ختم ہوچکا ہے جبکہ نیب بھی تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس دائر کرچکا ہے اس لیے اب ان کی جانب سے ثبوتوں پر اثرانداز ہونے کا امکان بھی یکسر ختم ہو چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اے پی این ایس اس بات سے اتفاق کرتا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن قانون سے بالاتر نہیں ہیں مگر آزاد شہری کے طور پر قانونی دفاع کرنا ان کا حق ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی اس تاثر کو زائل کرنے میں مدد دے گی کہ انہیں گرفتار رکھنے کا مقصد احتساب نہیں بلکہ میڈیا کی آزادی کو محدود کرنا اور تمام میڈیا کو سبق سکھانا ہے۔