وزیر اعظم عمران خان نے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے، بلاول بھٹو

November 02, 2020


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے، عمران خان نے کل منصوبے کا اعلان کیا، وزیر اعظم دو سال سے کہاں تھے۔

تحصیل یاسین میں جلسے سے خطاب کرتے ہو ئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم کو پہلے گلگت بلتستان کا خیال کیوں نہیں آیا؟، عمران خان کہتے ہیں سوچتا ہوں کہ گلگت بلتستان والوں کو صوبہ دے دوں، وزیراعظم الگ صوبےکی بات کو اپنے منشور میں شامل کرکے دکھائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منشور میں پہلے ہی الگ صوبے کی بات شامل ہے، جنوبی پنجاب والوں کو بھی 100دن میں الگ صوبہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ غذر کو شہید بھٹو نے ضلع کا درجہ دیا، آپ سب نے پیپلز پارٹی کو زندہ رکھا ہے، سی پیک کو گیم چینجر بولنے والے اصل میں کچھ جانتے ہی نہیں ہیں، سی پیک کا اصل اور پہلا فائدہ تو گلگت بلتستان والوں کو ہونا چاہئے تھا، گلگت بلتستان کی وجہ سے سی پیک منصوبہ پاکستان میں آسکا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں حکومت بناکر روزگار فراہم کریں گے، ہم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، آج پینشن میں بھی اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کو الیکشن کے دنوں میں کیوں گلگت بلتستان والوں کا خیال آیا، ہم کٹھ پتلی وزیراعظم کو فارغ کردیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جھوٹا وزیراعظم کہتا ہے کرپشن کم کرے گا، اب وزیر اعظم کہتے ہیں کوئی میجک نہیں کہ بٹن دبائیں اور کرپشن ختم ہوجائے، کرپشن کے خاتمے کے لیے ایک قانون بنانے کی ضرورت ہے۔