نواب شاہ: ڈولفن کے مرنے کا مقدمہ عدالت میں چلے گا

November 03, 2020

سندھ کے شہر نواب شاہ کے قریب شہریوں کے ہاتھوں ڈولفن کے مرنے کا مقدمہ عدالت میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ سندھ وائلڈ لائف کی جانب سے سیشن کورٹ شہید بے نظیر آباد میں کیس داخل کیا گیا ہے۔

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ وائلڈ لائف قوانین کے تحت جنگلی حیات کو ان کے فطری ماحول سے دور کرنا جرم ہے۔

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے مطابق ڈولفن کو نہر سے نکالنے کے بعد ملزم نے ڈولفن کو نقصان پہنچایا، ڈولفن جلد خشک ہونے کے بعد مر گئی۔


کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے مزید کہا کہ ملزم کے مطابق وہ ڈولفن کے ساتھ تصویر کھینچوانا چاہتا تھا، ملزم کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین کے ماہرین کےتعاون سے مردہ ڈولفن کا جینیاتی تجزیہ کیا جائے گا۔