آزادی اظہار کی آڑ میں رسول کریمؐ کی توہین ناقابل برداشت ہے، عمران خان

November 05, 2020

آزادی اظہار کی آڑ میں رسول کریمؐ کی توہین ناقابل برداشت ہے، عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان اور بوسنیا ہرزیگووینا کے صدر شفیق جعفرووچ نے اتفاق کیا ہے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں رسول کریم ﷺکی توہین برداشت نہیں‘ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کو قبول نہیں کیا جا سکتا جبکہ بوسنیا ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اہم ہے‘ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار بدھ کو وزیر اعظم عمر ان خان اور شفیق جعفرووچ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیاہے ۔عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے‘ آزادی اظہار رائے کو کسی بھی مذہب ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ آزادی اظہاررائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہیں ہونی چاہیے‘ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کوئی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ رسول پاک ﷺ کی ذات کی حرمت مسلمانوں کے لیے بہت اہم معاملہ ہے ، اس بات کو یورپی اور مغربی ممالک کو سمجھنا چاہئے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شفیق جعفرووچ نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ہے‘ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل انسانی حقوق کنونشن کے تحت حل تلاش کیا جانا چاہئے ‘دہشت گردی عالمی مسئلہ ہےجس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔دنیا بھر میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کئے جانے کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔