’پرسنل برانڈنگ‘ کی پیشہ ورانہ زندگی میں اہمیت

November 08, 2020

ہم سب جانتے ہیں کہ ’پرسنل برانڈ‘ ایک اہم اثاثہ ہوتا ہے۔ ’مضبوط ساکھ‘ (Strong Reputation)پیشہ ورانہ زندگی میں بہترین مواقع کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جب آپ کی صلاحیتوں کو سمجھ لیا جاتا ہے اور لوگ آپ کی صلاحیتوں کےمعترف بن جاتے ہیں، تو ایسے میں اس بات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں کہ آپ کی صلاحیتوں سے میل کھاتے پروجیکٹس اور اسائنمنٹس ہی دیے جائیں گے۔

اس طرح مسابقت کے اس دور میں آپ اپنے حریفوں سے آگے رہیں گی۔ ہارورڈ بزنس ریویو اور سینٹر فار ٹیلنٹ انوویشن کی سِلوِیا این ہیولِٹ کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ ’پرسنل برانڈ‘ بنانے والی خواتین کے اپنی ہم عصر دیگر پروفیشنل خواتین کے مقابلے میں ترقی پانے کے 23فیصد زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

جو خواتین اپنا ’پرسنل برانڈ‘ بنانے میں کامیاب رہتی ہیں، وہ پیشہ ورانہ زندگی میں کسی بُرے دور سے زیادہ آسانی سے نکل کر آگے بڑھ جانے میں کامیاب رہتی ہیں۔ ہرچندکہ، پرسنل برانڈنگ ایک زبردست اور پرکشش چیز کا نام ہے، یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ خواتین پروفیشنلز کے لیے پرسنل برانڈ بنانا اتنا آسان نہیں ہوتا۔

تحقیق سے بار ہا ثابت ہوا ہے کہ خواتین پروفیشنلز کو پیشہ ورانہ زندگی میں ایک خاص مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے، جسے انگریزی میں لائیک ایبلیٹی کننڈرم (Likability Conundrum)کے نام سے پکارا جاتا ہے یعنی توقع رکھی جاتی ہے کہ خواتین کو موزوں (Agreeable)، گرمجوش (Warm) اور مشفق (Nurturing) ہونا چاہیے۔ جس وقت وہ ان خصوصیات کے برخلاف رویہ اپناتی ہیں، مثلاً سخت فیصلے لینے کے لیے اُٹھ کھڑی ہوتی ہیں، مضبوط رائے کا اظہار کرتی ہیں یا خود فروغی (Self Promotion)کا راستہ اختیار کرتی ہیں تو اس رویے پر ان کی اس طرح سرزنش کی جاتی ہے یا حوصلہ شکنی کی جاتی ہے، جس کا مردوں کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

اگر آپ کے ادارے میں چھانٹی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس بات کا زیادہ امکان ہوتا ہے کہ آپ اپنے ’پرسنل برانڈ‘ کے بدولت اس عمل سے محفوظ رہیں گے اور خدانخواستہ اگر آپ اس چھانٹی کی زد میں آگئے تو بھی حریف ادارہ کسی اور شخص کے مقابلے میں آپ کو ہاتھوں ہاتھ اپنے ہاں نوکری کی پیشکش کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائے گا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ بطور ایک پروفیشنل، لائیک ایبلیٹی کننڈرم کے مرحلے سے بچ بچا کر کس طرح آگے بڑھ سکتے ہیں اور کس طرح اپنا مثبت اور مضبوط پرسنل برانڈ بناسکتے ہیں؟ ہارورڈ بزنس ریویو کی تحقیق میں سہ رُخی حکمت عملی(Three Dimensional Strategy) اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

نیٹ ورکنگ

آپ کو اپنے ادارے کے اندر اور باہر نیٹ ورکنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم ذہن نشین کرنے کی بات یہ ہے کہ بہت سارے لوگ اپنی ساری توانائیاں اور صلاحیتیں Bonding Capital تخلیق کرنےپر صرف کردیتے ہیں اور Bridging Capital کو بالکل نظرانداز کردیتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ ادارے میں اور باہر ایسے افراد کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو انہی کی طرح کے ہوتے ہیں اور ادارتی ڈھانچے میں انہی کی سطح پر کام کررہے ہوتے ہیں۔

وہ اپنے سے مختلف اور اعلیٰ درجے پر فائز بہت کم افراد سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ وہ غلطی ہے جو آپ نہ کریں کیونکہ یہ غلطی آپ کیلئے کیریئر کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اور ناقابل تلافی غلطی بن کر سامنے آسکتی ہے۔ اس کا نقصان یہ ہوگا کہ مستقبل میں آپ کے ڈپارٹمنٹ میں تنظیمِ نو یا چھانٹیوں کی صورت میں، ایسے کم لوگ ہوں گے جو آپ کی صلاحیتوں کے بارے میں اعلیٰ قیادت کو آگاہ کرسکیں گے۔ ہمیشہ ایسی نیٹ ورکنگ قائم کریں، جو صورتحال تبدیل ہونے پر آپ کے کام آسکے۔

دوسروں کو اپنا بتائیں

ہم اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ اگر ہم محنت کرتے رہیں گے تو لوگ وقت کے ساتھ کارکردگی کا نوٹس لے لیں گے۔ یاد رکھیں، آپ کے اندر کیا صلاحیتیں موجود ہیں، آپ کیا کرتے ہیں یا کیا کرسکتے ہیں؟ اس بارے میں کسی کو خودبخود اِلہام نہیں ہونے والا۔ اس دور میں ہر شخص اپنی زندگی اور اپنے کاموں میں اتنا مصروف رہتا ہے کہ اسے کسی اور کی صلاحیتوں کا نوٹس لینے کا وقت ہی نہیں ملتا۔ ایسے میں یہ سوچنا کہ وہ خودہی آپ سے متعلق مثبت بیانیہ تشکیل دینگے، سراسر خام خیالی ہوگی۔

آپ اپنی صلاحیتوں، ماضی کی کامیابیوں اور مستقبل کے ارادوں سے دوسروں کو آگاہ کرنے کے مواقع پیدا کریں اور انھیں بتائیں کہ آپ موجودہ پوزیشن میں ادارے کے لیے کیا کرتے ہیں اورمزید مواقع ملنے پر اورکیا کرسکتے ہیں؟ اس طرح آپ نے کیریئر میں جن مختلف عہدوں پر کام کیاہے، ان میں ربط تلاش کریں اور انھیں ایک جگہ تحریری شکل میں لے آئیں، اس طرح جب کبھی کوئی آپ سے کیریئرکے بارے میں سوال کرے گا تو آپ کو جواب ینے میں وقت نہیں لگے گا۔ آپ اپنے متاثرکن جواب سے بیٹھے بٹھائے اپنے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔

آئیڈیاز کا اظہار کریں

اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کا کام خود بولے گا تو یہ بات صرف ان لوگوں کی حد تک ہی ٹھیک ہے، جو آپ کے ساتھ کام کرتے ہیں، تاہم ایسے لوگوں کی تعداد محدود ہوتی ہے۔ دیگر ڈپارٹمنٹس یا اعلیٰ افسران آپ کی کارکردگی سے بے خبر ہی رہیں گے۔ کئی افراد اپنی کامیابیوں کے بارے میں بات کرنے میں آرام محسوس نہیں کرتے اور خود فروغی سے دور رہتے ہیں۔

اگر آپ بھی ایسی شخصیت کے مالک ہیں تو آپ کئی اور طریقوں سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکتے ہیں، جیسے کہ کسی کانٹینٹ لکھنا۔ اس طرح آپ اپنی صنعت اور شعبے کے بارے میں اپنا علم اور معلومات دوسروں اور اپنے اعلیٰ افسران تک پہنچاسکتے اور اپنی صلاحیتوں کے بارے میں انھیں مطلع کرسکتے ہیں۔

کانٹینٹ لکھنے کے لیے آپ کمپنی کی ویب سائٹ، نیوزلیٹر یا دیگر پلیٹ فارمز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کچھ لوگ اسے اپنی اصل نوکری سے توجہ ہٹانے سے تشبیہ دیتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر ادارے کی اعلیٰ قیادت ان پلیٹ فارمز پر خاص نظر رکھتی ہے اور انھیں علم کی منتقلی اور کمپنی کی ’بیسٹ پریکٹسز‘ کے فروغ کےلیے استعمال کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، ایک اور اہم بات یہ کہ کانٹینٹ لکھنے کے ذریعے آپ اپنے لیے نوکری اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرسکتے ہیں۔