کورونا وائرس کی احتیاط کیلئے سپریم کورٹ بار کی سفارشات پیش

November 13, 2020

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیراختیار کرنے کے لیے سفارشات پیش کر دیں۔

سپریم کورٹ بار کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر سپریم کورٹ آف پاکستان صرف ارجنٹ مقدمات سماعت کے لیے مقرر کرے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برانچ رجسٹریز میں بھی اسکریننگ اور صفائی سمیت دیگر حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں۔

سپریم کورٹ بار کے اعلامیے کے مطابق پرنسپل سیٹ اور برانچ رجسٹریز میں وکلاء اور سائلین کا رش نہ ہونے دیا جائے۔


اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتوں میں پیش ہونے کے بجائے ویڈیو لنک پر کیسز کی سماعت کی جائے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اعلامیے میں یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت اہم شخصیات جاں بحق ہو چکی ہیں۔