انگلش ٹیم کا دورۂ پاکستان اگلے برس ستمبر، اکتوبر تک ملتوی

November 16, 2020

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنی ٹیم کا دورۂ پاکستان اگلے سال ستمبر، اکتوبر تک ملتوی کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ای سی بی نے دورۂ پاکستان اخراجات اور کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کے مطابق انگلینڈ کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کےلیے اگلے برس کے آغاز میں دورے کی دعوت دے رکھی ہے اور تاحال انگلش بورڈ کے جواب کے منتظر ہیں۔


دوسری طرف ای سی بی نے اپنی ٹیم کے دورۂ پاکستان کو اگلے سال ستمبر، اکتوبر تک ملتوی کردیا ہے، جس کی وجہ کھلاڑیوں کی عدم دستیابی اور اخراجات ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ حکام کےدرمیان معاملے پر اتفاق ہوگیا ہے، اب اس سیریز کو ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ انگلینڈ بورڈ کے حکام میں پاکستان ’سی‘ ٹیم بھیجنے پرتشویش پائی جاتی تھی، پی سی بی نے جنوری میں انگلینڈ کو مختصر دورے پر 3 ٹی 20 میچز کے لیے دعوت دی تھی اور انگلینڈ نے پاکستان کے دعوت نامے کی تصدیق بھی کردی تھی۔

دوسری جانب انگلش کرکٹ ٹیم کوجنوری میں سری لنکا کا دورہ کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کو آگے منتقل کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

پی سی بی نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کے جواب کے منتظر ہیں، اور انہیں اپنے پلانز کے بارے میں ابھی بتانا ہے۔