کورونا وائرس کی دوسری لہر میں پہلی سے زیادہ کیس آئے ہیں: وزیرِ صحت کے پی

November 21, 2020


صوبہ خیبر پختون خوا کے وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں پہلی لہر سے زیادہ کیس آئے ہیں۔

پشاور میں صوبہ خیبر پختون خوا کے وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا نے معاونِ اطلاعات کامران بنگش کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ سسٹم میں لوگوں اور فرنٹ لائن ورکرز کا خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1 سے بڑھ کر 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے، کورونا کیسز کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔

وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ ہمیں جلسوں کی پرواہ نہیں، خیبر پختون خوا میں اس وقت سب سے زیادہ کیس آ رہے ہیں، مشکل حالات ہیں، جلسے جلوس کے لیے زندگی پڑی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت 3 گنا زیادہ ہو سکتی ہے، کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے،قوم فیصلہ کر لے کہ جلسہ ہونا چاہیے؟

اس موقع پر معاونِ اطلاعات خیبر پختون خوا کامران بنگش نے کہا کہ دیکھ لیں ہم نے اپوزیشن کے لیے کہاں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا خطرہ ہے، قیادت اور کارکنان کو کورونا وائرس ہو سکتا ہے، سیکیورٹی سے متعلق بھی دیکھ رہے ہیں۔

کامران بنگش کا کہنا ہے کہ ہم دباؤ میں نہیں ہے، عوام کی حفاظت کا ہمیں خیال ہے، مکس اچار پارٹی تحریکِ انصاف کے ایک جلسے کامقابلہ نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور تحریکِ انصاف کا قلعہ ہے، اس وقت یہ جلسہ کرنا پشاور کے عوام سے بدلہ لینا ہے، چیف جسٹس کورونا سے جاں بحق ہوئے، یہاں اسکولز بند ہو رہے ہیں۔

معاونِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا جلسہ ہو رہا ہے تو یہ پشاور کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے، 22 نومبر کے جلسے میں شرکت کرنے والوں کے لیے رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں۔

کامران بنگش کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلسے کے بعد کورونا وائرس کے کیس بڑھے تو اس کی ذمے دار اپوزیشن ہو گی، جلسے اور کورونا کیس بڑھنے کے بعد ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔