سیدہ ثناء خان دنیا اور جنت میں شوہر کیساتھ رہنے کیلئے دعاگو

November 24, 2020

گجرات(مانیٹرنگ ڈیسک) شوبز کو ترک کرکے مذہب کی طرف راغب ہونے والی بھارتی اداکارہ ثناءخان نے گجرات کے ایک مفتی سے شادی کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ثناءخان نے انس نامی عالم دین کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے شادی کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام بھی ثناءخان سے تبدیل کر کے سیدہ ثناءخان رکھ لیا ہے اور اپنی شادی کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ایک پیغام بھی جاری کیا ہے۔ ثناءخان نے اپنی اور اپنے دولہا کی عروسی لباس میں تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”ﷲ کی رضا کے لیے ایک دوسرے سے محبت کی، ﷲ کی رضا کے لیے ہی شادی کی اور ﷲ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس دنیا میں بھی اکٹھا رکھے اور جنت میں ہمیں دوبارہ ملائے“۔ اس دعا کے ساتھ ثناءخان نے قرآن مجید کی آیت کا ترجمہ ’اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے‘ لکھا۔ قبل ازیں ثناءخان اور ان کے شوہر کی ایک ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو چکی ہے جس میں وہ حجاب میں سفید رنگ کے عروسی لباس میں نظر آ رہی ہوتی ہیں۔ ان کے دولہا مفتی انس نے بھی سفید رنگ کا کرتا پاجاما پہن رکھا ہوتا ہے اور وہ ویڈیو میں اپنی شادی کا کیک کاٹتے دکھائی دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ثناءخان نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ میں اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔