سندھ حکومت کی مرضی کے بغیر جزائر پر تعمیرات نہیں ہونے دینگے، ناصر شاہ

November 24, 2020


سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی مرضی کے بغیر جزائر پر تعمیرات کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے معاملے پر صوبائی وزرا کمیٹی کے اجلاس میں اہم باتیں سامنے آئیں ہیں، جلد انہیں عوام کے سامنے لائیں گے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے ڈھائی کروڑ روپے کے چیک کی صورت میں پریس کلب کی گرانٹ بھی دی۔

صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پر تنقید ہوتی ہے کہ ہم نے کے۔فور کی الائنمنٹ تبدیل کی۔ انکا کہنا تھا کہ یہ تو مصطفیٰ کمال کے دور میں ڈیزائن کیا گیا۔ اب کے۔فور پر مکمل طور پر کام ہورہا ہے۔ دو سال انکوائری میں ضائع ہوگئے۔

سید ناصر شاہ نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کے معاملے پر ایکشن ہوچکا ہے۔ وزرا کمیٹی کا ان کیمرا سیشن ہوا ہے۔ کچھ دن میں تفصیلات پبلک کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے پلاٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وفاق کی ہاؤسنگ اسکیم کا فائدہ صحافیوں کو ہو۔