مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، سفیروں کو بھارتی بریفنگ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کی ناکام کوشش، دفتر خارجہ

November 25, 2020

مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے،حفیظ چوہدری

اسلام آباد(اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ حفیظ چوہدری نے کہاہےکہ مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے،سفیروں کو بھارتی بریفنگ پاکستان کیخلاف پروپیگنڈے کی ناکام کوشش ہے،افغانستان میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ خوش آئندہے ، جدہ کے پٹرولیم ٹرمینل پر میزائل حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق ترجمان دفتر خارجہ حفیظ چوہدری نے پاکستان کی جانب سے ممکنہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بے بنیاد قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک واضح کر دیا ہے کہ فلسطینی عوام کو قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کے اس سلسلے میں بیانات مکمل واضح ہیں،وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینی عوام کے لئے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا،پاکستان مستقل طور پر فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور دیرپا امن کے لئے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق اور القدس شریف کے دارلحکومت کے طور پر مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ محمد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزارت خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کے ایک گروپ کو دی گئی بریفنگ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گرد سرگرمیوں کی فعال منصوبہ بندی،مالی معاونت اور عملدرآمد اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے متعلق ناقابل تردید شواہد جاری کرنے کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستان مخالف مہم تیز کر دیا ہے، بھارتی الزامات اور جھوٹے بیانیے سے حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے۔