پاکستان 3 سال کیلئے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ لاء تنظیم کا صدر منتخب

November 25, 2020

سفارتی سطح پر ایک بار پھر بھارتی عزائم کو شکست ہوئی ہے، پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ لاء تنظیم (آئی ڈی ایل او) کا تین سال کے لیے متفقہ طور پر صدر منتخب کرلیا گیا۔ اب پاکستان انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ لاء کا 3 سال کے لیے صدر رہے گا۔

پاکستان نے یہ اعزاز امریکا کی 3 سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر حاصل کیا۔ اٹلی اور ایف اے او کے لیے پاکستانی مندوب جوہر سلیم پاکستان کی طرف سے منصب سنبھالیں گے۔

جوہر سلیم کا کہنا ہے کہ پاکستان جنوری 2021 سے تین سال کے لئے آئی ڈی ایل او کی صدارت کرے گا، پاکستان کا بطور صدر منتخب ہونا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا منتخب ہونا سفارتی سطح پر بھارت کی شکست ہے، پاکستان پر اعتماد کرنے پر آئی ڈی ایل او ممبران کے مشکور ہیں۔

آئی ڈی ایل او بین الاقوامی سطح پر انصاف، معیشت، صحت، خوراک، انسانی حقوق سمیت دیگر شعبوں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔