یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے خلاف مقدمہ ‘علی موسیٰ گرفتار

November 26, 2020

یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے خلاف مقدمہ ‘علی موسیٰ گرفتار

ملتان (نمائندہ جنگ )ملتان پولیس نے بغیر اجازت اجتماع کرنےاور بیریئر کو توڑ کر کار سرکار میں مداخلت کرنے پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے چاربیٹوں سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے علی موسیٰ گیلانی ، عباس راں ، رانا سجاد کو گرفتار کرلیا ۔

جس پر جیالوں نے تھانہ چہلیک کے باہر ٹائر جلاکر اپنے قائدین کی گرفتاری کے حوالے سے روڈ بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے 6؍ کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ڈی ایم جلسہ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی جانب سے موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی جو نواں شہر سے براستہ گھنٹہ گھر پہنچے، ریلی کے شرکا نے راستہ میں لگے ہوئے بیریئر کو زبردستی ہٹاکر کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے ارتکاب جرم کیا۔

پولیس نے بغیر اجازت غیر قانونی ریلی نکالنے پر سابق وزیر اعظم کےچاروں بیٹوں سابق ایم این ایز عبدالقادر گیلانی ، علی موسیٰ گیلانی ، ایم پی اے علی حیدر گیلانی ،قاسم گیلانی سمیت جاوید صدیقی ، عثمان بھٹی، رانا سجاد ، منظور قادری ، عارف شاہ ، شاہد رضا صدیقی ، خواجہ رضوان عالم ، ساجد علی ، منور احسان قریشی، کلثوم ناز بلوچ سیاسی کارکن پاکستا ن پیپلز پارٹی کے چالیس سے پچاس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

علی موسیٰ گیلانی ، عباس راں ، رانا سجاد جب تھانہ چہلیک پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری جو تھانہ میں موجود تھی ان کو حراست میں لےلیا جس پر جیالوں نے تھانہ چہلیک کے باہر ٹائر جلاکر اپنے قائدین کی گرفتاری کے حوالے سے روڈ بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔