سرکلر ریلوے کا کام مکمل نہ ہونے پرچیف جسٹس برہم

November 26, 2020

چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی سرکلر ریلوے کا کام مکمل نہ ہونے پر سندھ حکومت اور ایف ڈبلیو او پر برہمی کا اظہارکیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کا نوٹس دے دیا گیا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ریلوے خسارہ از خود نوٹس میں سرکلر ریلوے کراچی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ایف ڈبلیو او نے سرکلر ریلوے کا کام شروع کیوں نہیں کیا؟

ڈی جی ایف ڈبلیو او نے جواب دیا ڈیزائن بنا کردیا تھا، سندھ حکومت نے تاحال منظور نہیں کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ صرف اوور ہیڈ برج اور تھوڑا سا اور کام ہے، سرکلر ریلوے کا کام 2 ماہ میں مکمل ہو جانا چاہیے تھا۔

عدالت نے سیکرٹری ریلوے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی۔