مقابلے میں مارے جانیوالے ڈرائیور کی مالکن نے اپنے ملازم کے بے گناہ ہونے کا دعویٰ کردیا

November 27, 2020

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلےکا معاملے میں نیا موڑ آگیا، مالک مکان کی اہلیہ لیلیٰ پروین نے اپنے ویڈیو بیان میں ڈرائیور کے بے گناہ ہونے کا دعویٰ کر دیا، انہوںنے کہا کہ رات ساڑھے 4 بجے میرے گھر پر پولیس اہلکار آئے اور ڈرائیور کو لےگئے۔

لیلیٰ پروین نے کہا کہ میری ساس، نند، اور میرا ڈرائیور گھر پر موجود تھا، میری ساس ایک ہفتےسے بیمار تھی اوراسپتال میں داخل تھیں۔

خاتون نے کہا کہ رات کو ہی ڈرائیور میری ساس کو ڈسچارج کرا کے گھر لایا تھا، پولیس اہلکار ہماری گاڑی بھی ساتھ لے گئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پوچھنا چاہتی ہوں اگر ڈرائیور غریب تھا تو آپ بلاوجہ اُس کی جان لے سکتے ہیں؟ ڈرائیور گھر پر سورہا تھا تو آپ نے پکڑ لیا، پھر اُسے کیوں مارا؟۔

لیلیٰ پروین نے کہا کہ میں ڈرائیور کی بیوی اور اس کے 3 بچوں کو کیا جواب دوں؟ میرا ڈرائیور بے گناہ تھا، مجھے اُس کے لیے انصاف چاہیے۔