سردیوں میں گیس پریشر گریں گے، ندیم بابر

November 30, 2020

معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ سردیوں میں گیس پریشر گریں گے برآمدی صنعتوں کو تین ماہ کیلئے گیس بند نہیں کریں گے گیس بند کرنا پڑی تو سب سے پہلے سی این جی سیکٹر پھر دیگر غیر برآمدی شعبوں کی گیس بند کریں گے۔

وفاقی وزیر پاور عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ نے نندی پاور پلانٹ کے ذریعے عوام کو 80 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا، پی ایس او کی رقم نندی پور پاور پلانٹ پر لگا دی گئی، معاملہ ایف آئی اے کو بھیج دیا ہے، وفاقی وزیر نے ن لیگ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سے نہ جائے۔

وفاقی وزیر پاور عمر ایوب کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی یہ بات درست نہیں کہ گیس کے شعبے میں گردشی قرض ایک ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا، گیس کے شعبے کا گردشی قرض 300 ارب روپے سے زائد ہے جو سابق حکومت چھوڑ گئی جسے چار سے پانچ سالوں میں ختم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع جات 50 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی تجویز ہے حتمی فیصلہ ای سی سی اور وفاقی کابینہ کرے گی۔

معاون خصوصی نے کہا موجودہ حکومت نے اب تک جتنی بھی ایل این جی خریدی سابق حکومت کے مقابلے میں 20 کروڑ ڈالر کی بچت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پاور عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے بجلی کے مہنگے سودے کیے، بجلی کی قیمت نہ بڑھا کر موجودہ حکومت کیلئے مشکلات پیدا کیں۔

انہوں نے کہا سابق حکومت نے فراڈ کی داستاں برپا کی اور موجودہ حکومت نے آکر خانچے ختم کیے۔

انہوں نے کہا آئی پی پیز سے بات چیت کے نتیجے میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کم ہو گا۔