ڈیفا ایوارڈ میرے لیے ہی نہیں ملک و قوم کیلئے بھی اعزاز ہے، سجل علی

December 02, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)حال ہی میں معروف اداکارہ سجل علی نے ہر سال ہونے والا ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) جیتا ہے اور وہ یہ اعزاز جیتنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں۔سجل علی نے ڈیفا ایوارڈ جیتنے کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ایوارڈ کو نہ صرف اپنے لیے بلکہ ملک و قوم کے لیے بھی اعزاز قرار دیا تھا۔ڈیفا ایوارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے سجل علی نے کہا کہ کبھی کبھی میرے مداح مجھ پر حاوی ہوجاتے ہیں، مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ کیا وہ واقعی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیفا کے بعد میں نے سوشل میڈیا چیک کیا اور ہر طرف سے مداحوں کی جانب سے بہت زیادہ محبت کا اظہار کیا جارہا تھا۔سجل علی نے کہا کہ مختلف جگہوں پر میرے ایوارڈ کے حوالے سے لکھا جارہا تھا لیکن کسی بھی چیز سے زیادہ میرے مداح اتنے خوش ہوئے کہ انہوں نے اس خبر کو میرے لیے ایک اور خاص اعزاز بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ میں کبھی بھی سوشل میڈیا پر خاص طور پر پبلسٹی یا خبروں میں آنے کے لیے پی آر کے استعمال پر یقین نہیں رکھتی۔سجل علی نے کہا کہ میں ہمیشہ محسوس کرتی ہوں کہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اچھے سے اپنا کام کروں اور اسے بہترین انداز میں سرانجام دوں اور اگر لوگ اسے پسند کریں گے تو کچھ کیے بغیر بھی مجھے آگے لے جائیں گے۔ڈیفا میں شرکت کے حوالے سےسجل علی نے کہا کہ ʼسب سے اہم بات یہ ہے کہ میں بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کررہی تھی اور اس کی وجہ سے میں مزید کام کرنا، محنت کرنا اور پاکستان کے لیے فخر بننا چاہتی ہوں۔سجل علی نے کہا کہ وہ تقریب میں نروس تھیں کیونکہ ان کے اہلخانہ ان کے ساتھ نہیں تھے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ عام طور پر میں اکثر جلدی گھبرا جاتی ہوں۔