صحبت پور کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں‘راحب بلیدی

December 02, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ممبر بلوچستان بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے 3 دسمبر کو ضلع صحبت پور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحبت پور کے باشعور عوام جلسے میں بھر پور شرکت کریں انہوں نے کہا کہ صحبت پور کے عوام آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں‘ صحبت پور میں ترقیاتی اسکیمات کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ،ضلعی انتظامیہ ایک صوبائی وزیر کے ایماء پر تعینات کی گئی اوراس وقت صحبت پور کے عوام بنیادی انسانی حقوق صحت تعلیم اورصاف پانی سے محروم ہیں ۔صوبائی وزیر نے انتقامی کاروائیوں کی انتہا کردی ‘سیاسی کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں اورپورا پولیس نظام صوبائی وزیر کے کنٹرول میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں صوبائی وزیر کے کارندوں نے درگی کے عوام پر فائرنگ کی جس سے اسکول کے ہیڈ ماسٹر خلیل احمد کھوسہ سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ درگی کے واقعہ کو قبائلی یا زمینی تکرار قرار دینا غلط ہے۔ درگی کا واقعہ خالصتاً سیاسی ہے اور سیاسی مخالفین پر گولیاں برسانا دہشت گردی ہے ۔ انہوں نے صحبت پور کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ 3 دسمبر کو صحبت پور کے جلسے کو کامیاب بناکر جاگیردارانہ سوچ کا خاتمہ کریں۔