آسٹریا میں 7 دسمبر سے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان

December 04, 2020

ویانا(نمائندہ جنگ)آسٹریا کے وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے 7دسمبر سے ملک بھر میں کورونا لاک ڈائون میں نرمی کا اعلان کیا ہے،انہوں نے کہا کہ آنے والے پیر کے دن سے اسکول لازمی کھلیں گے اور اعلیٰ سطح کی تعلیم آن لائن جاری رہے گی،سبسٹین کرز نے کہا کہ ہم ہسپتالوں میں کورونا کیسز کو ضرورت سے زیادہ روکنے میں کامیاب رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر 24 ، 25 ، 26 اور 31 دسمبر کوگھروں میں دس افراد ایک دوسرے سے مل سکیں گے،انہوں نے لوگوں کو خبر دار کیا کہ کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے،اگر سب کچھ بیک وقت کھول دیا گیاتو وبا میں دھماکہ خیز اضافہ ہوگا،انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کرسمس کے موقع پربڑے پیمانے پر احتیاط کریں۔پریس کانفرنس میںنائب وزیر اعظم ورنر کوگلر،وزیر داخلہ کارل میہمر،وزیر صحت روڈ ولف انشوبر بھی موجود تھے۔