امارات نے پاکستانیوں کو ویزے جاری نہ کرنے کا سرکاری اعلان نہیں کیا، پاکستان

December 04, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،ماریانہ بابر) پاکستان اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نئی آبادکاری کی شدید مذمت کرتا ہے،امارات نے ویزے جاری نہ کرنے کا سرکاری اعلان نہیں دیا کیا، سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں بہتری کیلئے وزیراعظم کی پیشکش موجود ہے۔

پاکستان نے ایران کے جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایران سے تنائو میں کمی رکھنے کی اپیل کی ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا یہ ابھی طے نہیں کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالحفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس نیامے نائیجر میں منعقد ہوا جس میں مسئلہ فلسطین اور جموں و کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ دوران اجلاس متفقہ اور ٹھوس قرارداد میں او آئی سی نے جموں و کشمیر پر ٹھوس موقف دیتے ہوئے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، محاصرے اور ماورائے عدالت قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی خواہشات کے تناطر میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دیا گیا۔ وزرائے خارجہ کونسل نے متفقہ طور پر اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی قرارداد کو منظور کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے او آئی سی کی قرارداد پر بیان کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔انہوں نے تلور کے شکار کے جاری کیے گئے لائسنس کے حوالے سے واضح کیا کہ پاکستان میں شکار کے لیے لائسنس باقاعدہ طریقہ کار کے تحت جاری کیے جاتے ہیں۔ ابھی تک امارات کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے کے سرکاری موقف کا اعلان نہیں کیا گیا۔

وزارت خارجہ اس معاملے پر اماراتی حکام سے رابطے میں ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کورونا کے مقابلے میں پاکستان کا سب سے بڑا شراکت دار ہے، کورونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے چین سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نئی آباد کاری کے ٹینڈر جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ فلسطین میں نئی آباد کاری کی اسرائیلی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارے لیے فلسطینیوں کا حق استصواب رائے اہم ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اسپین کے کاٹالونیہ کے حکام سے ملاقات کا پاکستان کی اسپین اور کاٹالونیہ کی علیحدگی کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور پاکستان کی اسپین کے حوالے سے پالیسی برقرار ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات وہاں کے عوام کی ضروریات اور مطالبات کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہیں اور پاکستان کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھاے گا جس سے ہمارا جموں و کشمیر پر موقف متاثر ہو۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کی سخت مذمت اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہے۔