غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

December 04, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر) شہر میں غیر قانونی مذبحہ خانوں کےخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے،کینٹ سلاٹر ہاؤس کا سٹیمپ شدہ گوشت صرف کینٹ میں ہی فروخت ہو گا،رائیونڈ، شالیمار،شاہدرہ، سبزہ زار اور کوٹ کمبوہ کے مذبحہ خانوں کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرلاہور مدثر ریاض کی ملک کی زیر صدارت غیر قانونی مذبحہ خانوں اور بند مذبحہ خانوں کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ایم سی ایل، لائیو سٹاک کے ہمراہ شہر بھر میں کریک ڈاؤن کریں اور سٹیمپ لگے بغیر گوشت کی فروخت شہر میں نہیں ہونے دیں گے۔ رائیونڈ، شالیمار، شاہدرہ، سبزہ زار اور کوٹ کمبوہ کے مذبحہ خانوں میں ویٹرنری ڈاکٹر اپنی مہر لگائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ شہر میں مزید 6 مذبحہ خانے بھی بنائیں گے اور بغیر مہر شدہ، لاغر کی گوشت کی فروخت پر مقدمات کا اندراج کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض کی زیر صدارت اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، لائیو سٹاک، ایم سی ایل، قصاب ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔