لاہور میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے یوم دعا

December 04, 2020

لاہور میں بادشاہی مسجد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یوم دعا کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر جزوی عملدرآمد کیا گیا۔

بادشاہی مسجد انتظامیہ کی طرف سے نمازیوں میں ماسک تقسیم کیے گئے جبکہ نماز جمعہ کی صفوں میں سماجی فاصلہ رکھنے کے اُصول پر عمل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب لاہور میں گورنر ہاؤس کے سبزہ زار میں نماز جمعہ کا اجتماع کیا گیا جہاں کورونا وائرس ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔

اس حوالے سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک بھی لمحےکی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے، علماء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوروناوائرس کی ماہ جون جیسی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس کے علاوہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو بھی کورونا کو سنجیدہ لینا چاہیے۔