بھارت نے آسٹریلیا کو پہلا ٹی20میچ ہرا دیا

December 05, 2020

ون ڈے سیریز میں ناکامی کے بعد بھارت نے میزبان آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز جیت سے کیا۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 11 رنز سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ20 اوورز میں 7وکٹ پر 161 رنز بنائے۔ کےایل راہول51 اور رویندرا جڈیجا نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہینریکس نے3 اور مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 150رنز بنا سکی۔ کپتان ایرن فنچ نے35 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے چاہل نے 3 کھلاڑیوں کی وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ کل سڈنی میں کھیلا جائے گا۔