مارگلہ کی پہاڑیوں پر چیڑ کے 60 لاکھ بیج بکھیر دیئے گئے

December 06, 2020

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر چیڑ کے 60 لاکھ بیج بکھیرے جا چکے ہیں۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اگر 50 فیصد بیج اگ آئے تو چیڑ کے درختوں میں 3 لاکھ اضافہ ہو جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا مزید کہنا ہے کہ دامنِ کوہ سے بھارہ کہو تک 15 لاکھ سیڈ بالز لگائی گئی ہیں، اس مہم میں حکومت سے ایک پائی بھی نہیں لی گئی۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس مہم کو رضا کارانہ طور پر اور مختلف کمپنیوں کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے۔