میری حکومت میڈیا کے نشانے پر ہے، وزیراعظم

December 07, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے محتاط انداز میں میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میری حکومت میڈیا کے نشانے پر ہے، حکومتی کارکردگی صحیح سے بتائی نہیں جاتی، میڈیا اپوزیشن کی حمایت کررہا ہے جو کرپٹ ہے۔

گزشتہ روز میڈیا کو انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میڈیا سے آپ معاشرے کی اخلاقیات اوپر بھی لے جاسکتے ہیں اور نیچے بھی۔آپ ایک بدکردار اور ایک نیک آدمی کو برابر تصور نہیں کرسکتے۔

عمران خان نے میڈیا پر محتاط انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک میڈیا ہاؤس اور کچھ صحافی ہیں جو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو بچانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور وہ عدالت میں چلے گئے اور استدعا کی کہ سابق وزیر اعظم کو تقریر کا موقع دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے بعض صحافیوں نے اسے آزادی اظہار قرار دیا جبکہ عدالت نے نواز شریف کو سزا سنائی اور وہ مجرم ہیں جس کے لیے مخصوص میڈیا اپنی وفاداری ظاہر کررہا ہے۔

جب یہ وزیر اعظم تھے تب ان کے پاس اربوں روپے کی جائیدادیں کب اور کہاں سے بنیں، ایک دستاویز ابھی تک یہ نہیں دے سکے کہ پیسہ آیا کدھر سے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوان آدمی ہمارے معاشرے کو اتنا بڑا نقصان پہنچا رہے ہیں۔

کرپشن کبھی قانون پاس کرکے یا احتساب کرکےختم نہیں ہوتی پورا معاشرہ کرپشن کو ختم کرتا ہے۔

آپ نے اسحق ڈار کودیکھ ہی لیامیں آپ کو صرف صحافت کا فرق بتا رہا ہوں ۔میں جتنا عرصہ انگلینڈ میں رہا ہوں وہاں ایک دفعہ کسی پر پبلک کے پیسے کی چوری کا الزام لگ جائے نہ وہ کسی پارلیمنٹ میں جاسکتا ہے نہ وہ کسی میڈیا کے سامنے جاسکتا ہے ۔

اس کو پتہ ہوگا کہ میڈیا نے اس کے ساتھ وہ کرنا ہے جو اسحق ڈار کے ساتھ ہوا ہے۔عمران خان نے کہا کہ انکے پاس اربوں روپے کی جائیدادیں ہیں اور وہ بنیں کب جب یہ وزیراعظم تھے ایک دستاویز ابھی تک یہ نہیں دے سکے کہ پیسہ آیا کدھر سے۔

یہاں صحافی بیٹھے ہوئے ہیں ان کا دفاع کررہے ہیں میڈیا ہائوس بیٹھا ہوا ہے ان کو بچا رہا ہے۔ اس سے سب سے بڑا نقصان کیا ہورہا ہے آپ لوگوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ چوری کرنا کوئی بری چیز ہی نہیں ہے۔