ICCٹیسٹ چیمپئین شپ، نیوزی لینڈ آسٹریلیا کیلئے خطرہ

December 07, 2020

کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو سیڈن پارک ہملٹن ٹیسٹ کے چوتھے دن اننگز اور 134رنز سے شکست دے دی, اس فتح میں کیوی کپتان کین ولیمسن کی 22ویں ٹیسٹ سینچری نے اہم کردار ادا کیا.

نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 519 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ اننگز ڈیکلیرڈ میں ولیمسن نے 34چوکوں اور 2چھکوں کے ساتھ 251رنز بنائے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مہمان ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 138 اور دوسری اننگز میں جرمائن بلیک ووڈ کی سینچری کے باوجود 247رنز تک محدود رہی۔

نیوزی لینڈ کے لیے پہلی اننگز میں ٹم ساؤتھ اور دوسری اننگز میں نیل ویگنر نے 4/4 وکٹ کی پرفارمنس پیش کی، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 11دسمبر سے ویلنگٹن میں شروع ہوگا۔

اس ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو فاسٹ بالر کیمار وچ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو اپنے والد کے انتقال کے سبب واپس وطن چلے گئے ہیں جبکہ پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں انگلی زخمی ہونے کے سبب بیٹنگ نا کرنے والے شین ڈورچ کے کھیلنے کے امکانات کم ہیں۔

ہملٹن ٹیسٹ جیت کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ میں 240 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن سے نیوزی لینڈ کی ٹیم ویلنگٹن ٹیسٹ جیت کر 60 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر 360 پوائنٹس کے ساتھ بھارت پہلے 296 پوائنٹس کے ساتھ آسڑیلیا دوسرے اور 292 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔