نئی قومی سلیکشن کمیٹی کے اعلان میں تاخیر کیوں؟

December 09, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر کی حیثیت سے مصباح الحق اس سال 14اکتوبر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں، اور ان کے عہدے کی معیاد 30نومبر کو ختم ہونے کے بعد تاحال نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا عمل وجود میں نہیں آسکا ہے۔

نئی سلیکشن کمیٹی کے لئے اس وقت پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم مضبوط امیدوار ہیں۔

46 سال کے محمد اکرم جنہوں نے پاکستان کے لئے 9 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے کھیلے ، ماضی میں ٹیسٹ وکٹ کیپر معین خان کی سربراہی میں کام کرنے والی چھ ارکان پر مشتمل سلیکشن کیٹی کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

محمد اکرم اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ بورڈ کیساتھ رابطے میں ہیں اور اگر وہ چیف سلیکٹر بنے تو پشاور زلمی سے اپنی وابستگی ختم کرنے پر تیار ہیں، البتہ انہوں نے بورڈ پر واضع کر دیا ہے کہ وہ مصبا ح الحق کی طرف چھ صوبائی ٹیموں کے کوچز کے برعکس آزاد سلیکشن کمیٹی اراکین کیساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ بورڈ انتظامیہ اس حوالے سے تقریباً معاملات پر اپنا کام مکمل کر چکی ہے اور توقع ہے کہ آکلینڈ میں 18دسمبر کو پہلے ٹی 20سے پہلے یا بعد میں نئی سلیکشن کمیٹی کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا ۔