جوبائیڈن نے مجھے فون کیا تو میں حیران تھا: علی زیدی

December 19, 2020

امریکی نو منتخب صدر جوبائیڈن کی ماحولیات کی ٹیم کے لیے منتخب ہونے والے پاکستانی نژاد علی زیدی کا کہنا ہے کہ نومنتخب صدر نے جب فون کیا تو میں حیران تھا بلاشبہ یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جوبائیڈن نے علی زیدی کا نام بطور ’ڈپٹی نیشنل کلائمیٹ ایڈوائزر‘ نامزد کیا ہے۔

ماحولیات سے متعلق وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی کوارڈینیٹر علی زیدی نے اپنے حالیہ ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ نومنتخب صدر جو بائیڈن نے مجھے فون کیا تو میں حیران تھا، یہ میرے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں حکومت کے ایک مکمل طرز عمل کی ضرورت ہے، ایسے طرز عمل کی ضرورت ہے جو ملازمتوں کی حوصلہ افزائی اور انصاف کو فروغ دے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے 33 سالہ علی زیدی اب تک وائٹ ہاؤس کے کسی بھی اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔

علی زیدی پاکستان سے ہجرت کے بعد پنسلوینیا کے رسٹ بیلٹ میں پلے بڑھے ہیں۔ انہوں نے اوباما انتظامیہ کے کلائمیٹ ایکشن پلان کے مسودے اور اس پر عمل درآمد میں مدد اور پیرس معاہدے پر بات چیت میں بھی معاونت فراہم کی تھی۔

علی زیدی جینا میک کیرتھی کے نائب کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے، یہ جو بائیڈن انتظامیہ کے ڈومیسٹک کلائمیٹ ایجنڈے کو مربوط کرنے کے لیے اہم عہدہ سمجھا جاتا ہے۔