برطانیہ سے خیبر پختونخوا آنے والے 2 افراد میں کورونا کی تصدیق

December 25, 2020

برطانیہ سے واپس آنے والےخیبرپختونخوا کے 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

دونوں افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا، یہ وائرس نئی قسم والا کورونا وائرس ہوسکتا ہے، تصدیق کے لیے نمونے اسلام آباد بھیجے جائیں گے۔

محکمہ صحت کے مطابق متاثر ایک شخص پشاور اور دوسرا ایبٹ آباد کا ہے۔ مجموعی طور پر خیبرپختونخوا میں 149 افراد واپس آئے۔

برطانیہ سے واپس آنے والے ان افراد کی تلاش کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے پاکستان میں پہنچنے کے شواہد نہیں ملے۔

انہوںنے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے جو دعویٰ کیا ہے انہوں نے اس کا کوئی سائنسی ثبوت پیش نہیں کیا اور نہ ہی ہمارے پاس اس طرح کا کوئی ثبوت موجود ہے، نئے وائرس کی پاکستان میں موجودگی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔