پی ایس ایل 6: کھلاڑیوں کا معاوضہ کم کرنے کا فیصلہ

December 25, 2020

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کوویڈ 19 کی وجہ سے کھلاڑیوں کا معاوضہ 20 سے 25 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ہر ٹیم کے 18 کھلاڑیوں میں مجموی طور پر 9 لاکھ 50 ہزار ڈالرز تقسیم کیے جائیں گے، سب سے زیادہ 1 لاکھ 70 ہزار ڈالرز معاوضہ پلاٹینم کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کو ملے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے کرانے کی تجویز ہے، لیکن کورونا وباء کے باعث میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق صحت عامہ کی صورتحال میں وسائل بھی محدود ہوں گے، جس کی وجہ سے فرنچائزوں اور پی ای ایس ایل کی آمدن بھی کم رہنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اور فرنچائز کھلاڑیوں کے معاوضےمیں کمی پر متفق ہیں۔

اس بار پلیئرز کیلئے فرنچائز کے پاس مجموعی سیلری کیپ 9 لاکھ 50ہزار ڈالرز ہو گا، جو پاکستانی کرنسی میں 15 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتا ہے، جس سے وہ 18 کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے، پچھلے سال یہ کیپ 12 لاکھ ڈالرز تھی۔

پی ایس ایل سکس میں پلاٹینم کیٹیگری کے پلیئرز کو 1 لاکھ 30 ہزار سے1 لاکھ 70 ہزار ڈالرز ملیں گے، پہلے یہ رقم 1 لاکھ 47 ہزار سے 2 لاکھ 17 ہزار ڈالرز تھی۔

ڈائمنڈ میں زیادہ سے زیادہ معاوضہ 85 ہزار ڈالرز، گولڈ کیٹیگری کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ 50 ہزار ڈالرز کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔