ملازمہ نے چوری کا زیور پہن کر تصویر واٹس ایپ پر ڈال دی

December 28, 2020

بھارت میں ایک گھریلو ملازمہ کو چوری کیے گئے زیور پہن کر واٹس ایپ پر اپنی تصویر لگانا مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی ریاست آندرا پردیش کے ضلع گنٹور کے ایک علاقے میں مسروقہ زیورات پہن کر واٹس اپ اسٹیٹس پر تصویر لگانے والی گھریلو ملازمہ گرفتار کر لی گئی۔

پولیس کے بیان کے مطابق 29 نومبر کو امود نامی شخص کے فلیٹ میں چوری کی واردات ہوئی تھی، جس میں 4 طلائی چوڑیاں، ایک نیکلس، کان کی 2 بالیاں، بے بی چین اور دیگر قیمتی چیزیں اڑائی گئی تھیں۔

پولیس نے مالک مکان کی شکایت پر چوری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی، تاہم امود کی بیوی نے ملزمہ سنیتا کو مسروقہ ساڑی اور زیورات پہن کر شوہر کے ساتھ لی گئی تصویر کو واٹس اپ اسٹیٹس میں لگا ہوا دیکھا تو حیران رہ گئی۔

امود کی بیوی نے فوری طور پر اس کی اطلاع اپنے شوہر کو دی، جنھوں نے پولیس کو خبردار کر دیا، پولیس نے بعد ازاں علاقے کے ایک بس اسٹینڈ کے قریب سے سنیتا کو حراست میں لے لیا۔