کراچی: ہوائی فائرنگ کے واقعات میں لڑکی سمیت کئی زخمی

January 01, 2021

نئے سال کے آغاز پر کراچی میں ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں لڑکی سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے۔

شہرمیں ہوائی فائرنگ اور ون وہیلنگ کے الزام میں 16 افراد کو حراست میں لےکر مقدمات درج کرلیے گئے۔ ادھر فیصل آباد کے علاقے کوہ نور میں بھی کئی نوجوان دھر لیےگئے۔

پشاور میں نیو ایئر نائٹ پر ڈراؤنا ماسک پہن کر بچوں اور خواتین کو ڈرانے والا منچلا گرفتار کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ کسی گھر سے فائرنگ ہوئی تو گھر کے سربراہ سمیت ملوث افراد پر اقدام قتل کا مقدمہ ہوگا۔

ترجمان پولیس کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی تھی کہ عوام کسی ایک مقام پر بلا ضرورت رُک کر ہجوم نہ لگائیں۔