پمز اسپتال شعبہ چلڈرن کے ڈائریکٹر وینٹی لیٹر پر منتقل

January 03, 2021

پمز اسپتال شعبہ چلڈرن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منظور کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پمز اسپتال ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق پمز اسپتال میں 2 ہیلتھ ورکر کورونا وائرس کے سبب انتقال کر چکے ہیں۔

وزارتِ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز سمیت اسلام آباد میں 350 سے زائد ہیلتھ ورکر کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 311 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار 634 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 44 ہزار 392 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 68 لاکھ 19 ہزار 699 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کُل 35 ہزار 663 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 784 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 40 ہزار 660 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔