جیسنڈا آرڈرن لواحقین سے مل سکتی ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟ کوئٹہ دھرنے کا سوال

January 05, 2021

سانحہ مچھ کے مظاہرین کا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دھرنے کا تیسرا روز بھی مکمل ہوگیا۔

ہزارہ کمیٹی کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن لواحقین کے پاس جاسکتی ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لواحقین کے سر پر ہاتھ رکھیں، حکمران اگر اپنی ذمے داری پوری نہیں کرسکتے تو مستعفی ہوجائیں۔

دھرنے پر بیٹھے مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان کی آمد تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔


گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ناکام لوٹے تھے آج صوبائی وزراء بھی خالی ہاتھ چلے گئے۔

دھرنے پر بیٹھے شرکاء آج پورے دن ’عمران خان، کوئٹہ آؤ‘ کے نعرے لگاتے رہے، ہزارہ برادری کے مذاکرات کاروں پر بھی واضح کردیا کہ وزیراعظم عمران خان کی آمد پر ہی ہم اٹھیں گے۔

دوسری طرف ہزارہ برادری کے کان کنوں کے قتل کے خلاف کراچی میں بھی 3 مقامات پر دھرنے شروع ہوگئے ہیں، آج کئی شہروں میں سانحہ مچھ کے حوالے مظاہرے ہوئے۔

مچھ کے علاقے گیشتری کی کوئلہ فیلڈ میں ہزارہ برادری کے 10 کان کنوں کو ہاتھ پیر باندھ کر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔