کپل شرما کی جانب سے دھوکا دہی کا مقدمہ، دلیپ چھاپڑیا پولیس کے حوالے

January 12, 2021

مشہور بھارتی کار ڈیزائنر دلیپ چھاپڑیا کو ایک روز کے لیے پولیس کسٹڈی میں دیا گیا ہے، چھاپڑیا کو پولیس نے دھوکا دہی اور جعل سازی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ ممبئی پولیس نے دلیپ چھاپڑیا کو معروف کامیڈین اور کپل شرما شو کے میزبان کپل شرما کی شکایت پر گرفتار کیا ہے اور امکان ہے کہ چھاپڑیا سے اس کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

اس سے قبل مقامی مجسٹریٹ ایس بی بھاجی پالے نے دلیپ چھاپڑیا کو ایک روزہ ریمانڈ پر تحقیقات کے لیے پولیس کسٹڈی میں دیا، چھاپڑیا کے خلاف کپل شرما نے دھوکا دہی کے الزام میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

چھاپڑیا کو پولیس نے اس سے قبل 29 دسمبر کو کار فنانسنگ اور دہرے رجسٹریشن کے غیر قانونی دھندوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا، اور اسے سات جنوری کو عدالتی کسٹڈی میں دیدیا تھا۔ تاہم کپل شرما کی جانب سے مقدمہ درج کرائے جانے کے بعد ممبئی پولیس کے کرائم اینٹلی جنس یونٹ نے چھاپڑیا کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔