کرپشن کے یہ تمام انکشافات ابھی تو صرف آغاز ہیں، وزیراعظم عمران خان

January 13, 2021


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز نے پاکستان کے امیرحکمرانوں کو بے نقاب کیا، براڈ شیٹ کی وجہ سے امیر حکمرانوں کی منی لانڈرنگ سامنے آئی ہے، کرپشن کے یہ تمام انکشافات ابھی تو صرف آغاز ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملے پر امیر حکمران دوبارہ بے نقاب ہوئے ہیں،یہ امیرحکمران انتقامی کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بار بار یہی چیز بے نقاب ہونا کرپشن کے خلاف میری 24 سال کی جدوجہد کوبیان کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشرافیہ نے بیرون ملک میں غیرقانونی اثاثے بنانے کےلیے منی لانڈرنگ کی،بعد میں ان لوگوں نے این آر او کا سہارا لیا۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ این آر او کی وجہ سے اشرافیہ نے لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ فراہم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں براڈ شیٹ کو مزید تحقیقات سے کس نے روکا، اشرافیہ نے نہ صرف قوم کی دولت کو لوٹا، ان کے ٹیکس کی رقم بھی لوٹی۔

عمران خان کاکہنا تھا کہ این آر او کی وجہ سے لوٹی رقم ضائع ہوگئی۔