لورالائیPDM کاجلسہ، عوام کہتے ہیں پرانے چوروں کو واپس لاؤ روٹی تو ملے، فضل الرحمٰن

January 14, 2021

لورالائی (نیوز ایجنسیاں)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں عوام کی مرضی کی حکومت قائم ہو کر رہے گی، آج فیصلہ کن وقت آگیا ہے اور آج ہم نے فیصلہ کن جنگ لڑنی ہے۔

ملک میں اداروں کی بالادستی تسلیم نہیں کرینگے یہاں بالادستی ہوگی تو پاکستانی قوم کے پاکستان کے عوام کی ہوگی، عوام کہہ رہے ہیں پرانے چوروں کو واپس لاؤ تاکہ روٹی تو ملے۔

ہماری جنگ پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی عملداری کیلئے اور پاکستان میں جمہوری فضاؤں کی بحالی کیلئے ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے، یہ جعلی حکومت اور جعلی وزیراعظم ہے، اسکا کوئی نظریہ نہیں، اس حکومت نے ملکی معیشت کا کباڑا کردیا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں دن بہ دن تنہا ہوتا جا رہا ہے اور چین بھی ہم سے شاکی ہے،پاکستان کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں کا مرکز و منبع پارلیمنٹ ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں پیش کردہ قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لاپتا افرادکو بازیاب ، ایف سی چیک پوسٹیں اور نیب کیسزختم کئے جائیں۔

ایک قرارداد میں حکومت مخالف جدوجہد تیز کرنے کے عزم کااعادہ کیا گیا ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ جلسہ عام ملک میں ہوشربا مہنگائی اور موجودہ صورتحال کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو گردانتاہے ۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ لورالائی میں عظیم الشان تاریخی اجتماع میں عوام کی بے مثال شرکت اس بات کا اعلان ہے کہ بلوچستان کے غیور عوام دھاندلی کی پیداوار حکومت کو مسترد کرتے ہیں اور ووٹ چوری کرکے آنے والے حکومت کو قوم پر مزید مسلط ہونے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قصد کیا ہے کہ واپس لیکر رہیں گے اس ملک میں عوام کی مرضی کی حکومت قائم ہو کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ جنگ پاکستان میں جمہوری فضاؤں کی بحالی، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی عمل داری کیلئے ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس مقصد کیلئے ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔