اٹلی میں مافیا کیخلاف انوکھے کیس کی سماعت، جرائم بتانے میں عدالت کو 3 گھنٹے لگے

January 15, 2021

روم (اے ایف پی /جنگ نیوز)اٹلی میں ملک کے سب سے طاقتور مافیا کے مبینہ ارکان کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے گذشتہ کئی دہائیوں میں ملک میں کسی بڑے جرائم پیشہ گروہ کے خلاف اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ کہا جا رہا ہے۔اے ایف پی کے مطابق اس مقدمے میں مبینہ ملزمان اور ان پر قائم کیے جانے والے جرائم کی فہرست اتنی طویل ہے کہ باقاعدہ سماعت سے پہلے عدالتی عملے کو جرائم کی تفصیل بتانے میں تین گھنٹے سے زیادہ وقت لگا۔ملزمان میں سیاستدانوں، پولیس اہلکاروں، سرکاری افسران کے علاوہ اس گروہ کے مبینہ ارکان اور ایسے افراد بھی شامل ہیں جنھیں مختلف حوالوں سے مبینہ طور پر جرائم میں ملوث پایا گیا ہے۔