پاکستانی وارنٹ پر نواز شریف کو گرفتار نہیں کر سکتے، برطانیہ

January 16, 2021

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے نواز شریف کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ کی بنیاد پر سابق وزیراعظم کیخلاف قانونی کارروائی نہیں کرسکتے۔

یہ بات پاکستان اور افغانستان کیلئے دولت مشترکہ اور ڈیولپمنٹ آفس نے وزیراعظم بورس جانسن کو برطانوی لیبر رکن پارلیمنٹ اسٹیفن ٹمز کے خط کے جواب میں کہی جو انہوں نے پاکستان کی جانب سے لکھا تھا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ سابق وزیراعظم اور پاکستانی حکومت کے درمیان ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے خط میں کہا گیا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ نواز شریف اس وقت برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں۔

اس کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی قوانین میں یہ بات واضح طور پر بتایا جاچکا ہے کہ امیگریشن کے معاملات پر برطانوی حکومت کیا کرسکتی ہے اور کیا نہیں کرسکتی۔ ہم انہی قوانین کے مطابق سختی سے عملدرآمد کرتے ہیں۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ برطانوی پولیس برطانیہ سے باہر کسی عدالت کے حکم پر اپنے ملک میں کسی کو گرفتار نہیں کرسکتی۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بے دخلی کا معاہدہ بھی نہیں ہے۔

تاہم اس کے باوجود بھی بے دخلی کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔ اگر کسی کو ملک بدر کروانا ہو توا اس کے لئے پراپر چینل استمعال کیا جائے۔