سندھ حکومت کا آئندہ ہفتے سے مزدور کارڈ کے اجراء کا اعلان

January 17, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سندھ حکومت نے آئندہ ہفتے سے مزدور کارڈ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سوا 6 لاکھ رجسٹرڈ ملازمین کو مزدور کارڈ دیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ مزدوروں کو کارڈ ز جاری کیے جائیں گے۔


اُن کا کہنا تھا کہ مزدور کارڈز معاملے کی شفافیت کے لیے اس کی چھپائی کا عمل نادرا کے سپرد کیا جارہا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خود اس پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کررہے ہیں، پی پی چیئرمین کل سکھر بھی پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈے 1 ہزار 24 فلیٹس انڈسٹریل ورکرز کے لیے بنائے ہیں، جو اسکروٹنی کے بعد مزدوروں کے حوالے کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ نے ورکرز سے متعلق قوانین بنائے، جسے دیگر صوبوں نے بھی فالو کیا۔